واشنگٹن،20اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفارت کار آج بروز اتوار برسلز میں برطانیہ کی جانب سے بھیجی گئی بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست پر مشاورت کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز ایک یورپی سفارت کار کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بریگزٹ کے لیے مقررہ اکتیس اکتوبر کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے باقاعدہ درخواست ملنے کی صورت میں یورپی بلاک کے سفارت کار، اس کا تعمیری جائزہ لیں گے اور رکن ممالک کو کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے میں کچھ دن درکار ہوں گے۔ قبل ازیں ہفتہ انیس اکتوبر کو برطانوی پارلیمان میں اولیور لیٹوِن نے بریگزٹ میں تاخیر کے لیے ایک قرارداد پیش کی تھی، جس کی برطانوی پارلیمان کے 322 ارکان نے حمایت جبکہ 306 نے مخالفت کی۔